بنگلورو۔30/جولائی(ایس او نیوز) ریاستی بی جے پی میں اختلافات دن بدن شدت اختیار کرتے جارہے ہیں۔ ایک طرف پوری ریاست میں مہادائی مسئلے پر آگ لگی ہوئی ہے، ٹریبونل کی طرف سے اس معاملے میں کرناٹک کے خلاف فیصلہ سنائے جانے پر شدید مزاحمت کی جارہی ہے تو دوسری طرف ریاستی بی جے پی کیلئے عہدیداروں کے تقرر کے مسئلے پر اپنا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے ریاستی لیجسلیٹیو کونسل کے اپوزیشن لیڈر ایشورپا اپنے سیاسی حریف ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا کے خلاف شکایت لے کر دہلی روانہ ہوگئے۔ آج صبح وہ دہلی روانہ ہوئے جہاں اعلیٰ کمان سے وہ یہ مطالبہ کرنے والے ہیں کہ ریاستی بی جے پی عہدیداروں کی فہرست پر نظر ثانی کی جائے۔ مختلف اداروں اور انجمنوں کی طرف سے مہادائی مسئلے پر کل کرناٹک بند کے اہتمام کا بھی اعلان کیا گیا ہے، ان سب کے قطع نظر ایشورپا نے ریاستی بی جے پی کیلئے یڈیورپا کی طرف سے مقرر کردہ عہدیداروں کی فہرست پر اپنے شدید احتراضات جتاتے ہو ئے اعلیٰ کمان سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔